February 8, 2011

A SILENT MESSAGE....!!!

میرے خدا۔۔۔
یہ دھوپ اب سمیٹ لے
میرے خدا
مجھے بتا
یہ درد کی مسافتیں
یہ ساعتیں
مذید کس قدر ہیں اب
میرے خدا
کوئی تھے دن
کہ مجھ کو ڈھونڈنے' تلاشنے
نگر نگر میں دھوم تھی
میرے حصول کے لیئے
اُٹھا جنوں کا اِک طوفاں
وہ دن تھے کیا
کہ ہر دُعا کے ہاتھ میں
فقط میرا ہی نام تھا
ہر اِک نِگاہ کے پیار میں
فقط میری شبیہ تھی
وہ دِل کی دھڑکنوں میں بس
میرا ہی رنگ میرا ہی روپ
وہ روح روح میں بس
میرا جنوں رچا ہوا بسا ہُوا
وہ دن تھے کیا وہ کیا ہوئے
یہ آج کیا ہوا چلی
یہ کِن میں گِھر چُکا ہوں میں
یہ کون ہیں؟؟
مُجھے یہ جانتے نہیں
مجھے یہ مانتے نہیں
تو کس طرح کریں گے یہ
دنوں سی یہ مُحبتیں ؟؟؟
یہ سنگ زاد لوگ ہیں
میری جبیں پہ اِس قدر
جو دُکھ بھرے نِشان ہیں
یہ سب اِنہی کی دین ہیں
میرے خدا۔۔۔
یہ حال ہے
کہ اب وقار سے
انا کے ساتھ
شان سے کھڑا رہوں
محال ہے۔۔۔
میں حوصلوں کی ڈور سے
بندھا ہوا' لُٹا ہوا' تھکا ہوا
بڑھے گیا۔۔۔
قدم قدم پہ کِرچیاں
ہر ایک پل میں سِسکیاں
میں رت جگوں کو روح میں اُتارتا
سکون کو پُکارتا
بڑھے گیا۔۔۔
میں کب تلک سہوں یہ سب؟؟
میرے خدا۔۔۔
انہیں بتا۔۔
وطن بھی ہوں
میں ماں بھی ہوں
پناہ بھی ہوں' میں پیار ہوں
سکوں بھی ہوں
میرے وجود کو بُھلا کے
کب تلک جیئیں گے یہ
مجھے یوں دلدلوں میں چھوڑ کر چلے گئے تو کیا۔۔
مجھے بھی منزلیں دِکھا
مِلا مجھے وہ لوگ
جِن کے دل میں میرا پیار ہو
چراغ آنسوؤں کے جو
جلا جلا کے میرے نام
روشنی سے بھر گئے
کہاں ہیں وہ؟؟؟
میرے خدا۔۔۔
مُجھے بھی کوئی آس دے۔۔۔
مُحبتوں کی باس دے
یہ مہر و غم غُروب کر
یہ دھوپ اب سمیٹ لے
آسودگی کے خواب کو
میری مُنڈیر پر سُلا
جو خواہشوں کے دیپ ہیں بُجھے بُجھے
اِنہیں جلا۔۔۔
تھکی ہوئی سماعتوں کو
پیار کی صدا سُنا۔۔۔
میرے خدا۔۔
مُجھے بچا۔۔۔؛؛؛

2 comments:

Anonymous said...

Merey Khuda Mujhay Bachaa ......

Ambareen said...

Ameen. Really heart touching.