June 1, 2017

بات سمجھ آتی ہی تب ہے

ایف ایس سی کی بالی لڑکی
شعر کہنا سیکھ رہی تھی
درد لکھنا سیکھ رہی تھی
شعر کا مطلب کیا ہوتا ہے؟
درد کی حدت کیا ہوتی ہے؟
ماہر علم عروض کے عالم
حضرت قبلہ ناقد اعظم
سوچ رہے تھے کیا بتلاؤں؟
بحروں کے اوزان میں الجھی
فعلن کی گردان میں الجھی
ایف ایس سی کی بالی لڑکی
اپنے سر سے پوچھ رہی تھی
شعر میں جدت کیا ہوتی ہے؟
سر جی یہ بتلائیں تو
پیار کی شدت کیا ہوتی ہے؟
سولہ سال کی بالی لڑکی
سترہ بحروں کے عالم کو
بھول سے ہی الجھا بیٹھی تھی
تھوڑا سوچ کے حضرت بولے
"درد کی حدت" وزن ہے اس میں
"شعر کی جدت" با معنی ہے
"پیار کی شدت" خوب کہا ہے
دیکھو بیٹا غور سے سمجھو
درد کی دال سے ح کی حد تک
حدت ہی حدت ہے اس میں
شعر کی ش سے ج اور دت تک
اس مصرعے میں جدت ہے
پ کے یار میں حرکت ہے اور
یار کی ر پھر ساکن ہے
شین کی دال پہ شد ہے جو
اس کو ت سے شدت ہے
دیکھو بیٹا غور سے سمجھو
م کو ح کی ب کو ت کی
جب ضرورت ہوتی ہے
بات سمجھ آتی ہی تب ہے
جب محبت ہوتی ہے

2 comments:

Unknown said...

بہت ہی اعلٰی 👌🏽

Rida said...

It is...